• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا، فیلڈ مارشل اور ڈار پہنچ گئے

انقرہ، اسلام آباد (فرقان حمید، اے پی پی) ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹرٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج 31اگست کو استنبول میں ہوگا، اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ و دفاع اور مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف شرکت کرینگے، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار استنبول پہنچ گئے، اجلاس میں دفاعی معاہدے کے خدوخال اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امور سرفہرست، دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے، مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار سمیت دیگر امور بھی زیر بحث آئینگے ۔ ترکیہ کی میزبانی میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاشار گیولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتار اولو شرکت کرینگے۔ سعودی عرب کی نمائندگی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، وزیر دفاع خالد بن سلمان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی کرینگے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں کیا شامل ہے؟ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عالمی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون اور عملی استعداد میں اضافہ، مشترکہ مشقوں اور مختلف شعبوں میں افواج کی باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے امکانات بھی زیرِ بحث آئینگے۔دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینا بھی اجلاس کے اہم موضوعات میں شامل ہوگا۔ اس ضمن میں مشترکہ دفاعی پیداوار، تحقیق و ترقی اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا جائے گا۔اس کے علاوہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تینوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کو مؤثر بنانے اور اس شعبے میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ اجلاس میں کمیٹی کے تحت طے کیے جانے والے مشترکہ منصوبوں اور سرگرمیوں کو عملی شکل دینے کیلئے ایک سیکریٹریٹ و دیگر متعلقہ ادارہ جاتی طریقۂ کار کے خدوخال بھی وضع کیے جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید