ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان پبلک سکول اینڈ کالج میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والی طالبات میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، کمشنر نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنیوالی طالبات میں اعزازات تقسیم کیے اور انکی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ طالبات کی کامیابی صرف ان کی اپنی کامیابی نہیں بلکہ ان کے والدین، اساتذہ، خاندان اور پورے معاشرے کیلئے باعثِ فخر ہے،ایک بچے کی کامیابی دوسرے بچوں کیلئے بھی حوصلہ اور تحریک بنتی ہے، اس لیے کامیاب طالبات کو اپنی محنت کا سلسلہ اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ذمہ دار شہری بننا بھی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ ملتان میں شہریوں کیلئے پارکس، کھیل کے میدان اور دیگر عوامی سہولیات موجود ہیں، لیکن ان سہولیات کی حفاظت اور درست استعمال بھی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ عوامی مقامات پر صفائی کا خیال رکھا جائے، کوڑا کوڑے دان میں ڈالا جائے، عوامی واش رومز کو ذمہ داری سے استعمال کیا جائے اور پارکس میں موجود پودوں اور درختوں کی حفاظت کی جائے،عامر کریم خاں نے کہا کہ طالبات صرف ملتان کا نہیں بلکہ پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لیے ان کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور مکالمہ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے،کمشنر نے والدین اور اساتذہ کی محنت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کامیابی کے پیچھے والدین کی قربانیاں اور اساتذہ کی محنت شامل ہوتی ہے،اس موقع پرپرنسپل ملتان پبلک سکول گرلز برانچ عظمی خان بھی موجود تھیں۔