کراچی(اسٹاف رپورٹر: سندھ حکومت کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ فیڈرل ازم (BBIDF) کے بورڈ کی تشکیل کی گئی ہے، جس کا مقصد جمہوری اقدار، آئین کی پاسداری، مکالمے، سفارت کاری اور وفاقیت کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک مؤثر علمی اور پالیسی سازی میں معاون پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔بورڈ کی تشکیل شہید بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ فیڈرلزم ایکٹ 2024 کے تحت کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کو بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت BBIDF بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو، سینیٹر وقار مہدی اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں نامور اسکالر ڈاکٹر جعفر احمد، آبپاشی کے ماہر احسان لغاری، ناہید واصی، سندھ اسمبلی کی رکن حنا دستگیر، محقق سنی پنہور اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکریٹری عباس بلوچ نے بھی شرکت کی۔BBIDF کے بورڈ میں اکیڈمیا، سول سوسائٹی، دانشور طبقے، متعلقہ سرکاری اداروں اور شہید بینظیر بھٹو کے خاندان کے ایک فرد کی نمائندگی بھی شامل کی گئی ہے، جس کا مقصد مختلف شعبوں کے ماہرین کی رائے اور تجربے کو ادارے کی پالیسی سازی اور حکمت عملی کا حصہ بنانا ہے۔