کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کو بند کرکے سیاست چمکانے اور پریس کانفرنسوں میں اضافہ کرنے کی سیاست قابل مذمت ہے دوبارہ شہر کو یرغمال بنانے کی کوشش کسی صورت قابل قبول نہیں، پٹرول پمپ، دکانیں بند کروا کر عوامی خدمت کا دعویٰ سمجھ سے بالاتر ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا ، دریں اثنا انہوں نےضلع وسطی نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں ڈوئل کیرج وے کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی،اراکین سٹی کونسل،منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ منصوبے کے تحت 3 ہزار 500فٹ طویل سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا گیا، 3ہزار 500فٹ طویل فٹ پاتھ کی تعمیر بھی شامل ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کو بند کرکے سیاست چمکانے اور پریس کانفرنسوں میں اضافہ کرنے کی سیاست قابل مذمت ہے، شہر کے لاکھوں محنت کشوں، تاجروں اور عام شہریوں کی مشکلات کا کسی کو احساس نہیں،انہوں نے سوال کیا کہ یہ احتجاج کس کے خلاف ہے؟ اگر حکومت کے خلاف ہے تو نقصان کراچی کے محنت کشوں کا کیوں ہو رہا ہے۔