کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چائنا کٹنگ کرنے والوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، کراچی والے انہیں مسترد کرچکے، وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی کو جو فنڈز دیے ہیں وہ کے ایم سی کو فراہم کیے جائیں تاکہ کراچی میں بھی ترقیاتی کام تیز کیے جاسکیں ،جو لوگ حکومت میں موجود ہیں وہ دھرنے دیتے ہیں پانی کا کوٹہ بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت نے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نےگرومندر سے تین ہٹی تک جہانگیر روڈ کی بہتری و بحالی منصوبے کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبے پر 36 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک کی بحالی، کشادگی، نکاسی آب، فٹ پاتھ، لین مارکنگ اور روشنی کا انتظام سمیت مختلف ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں،جہانگیر روڈ کی بحالی کے منصوبے کے تحت 1.4 کلومیٹر طویل دوطرفہ سڑک کو 26 فٹ سے بڑھا کر 32 فٹ تک چوڑا کیا گیا ہے جبکہ پیورنگ بلاکس بچھائے گئے ہیں ، نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیوریج لائنوں کو لیاری ندی تک مربوط کیا گیا ہے، 45 مین ہولز بھی تعمیر کیے گئے ہیں روشنی کے لیے 80 نئی سولر لائٹس نصب کی گئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ووٹ لینے کے وقت کہا جاتا ہے کہ عوام کے مسائل حل کریں گے، لیکن عملی طور پر کام کرنے کے لیے صرف پاکستان پیپلز پارٹی سامنے آتی ہے، جس علاقے میں جہانگیر روڈ واقع ہے یہ ٹاؤن جماعت اسلامی کا ہے جبکہ ضلع شرقی کے گلشن 13 ڈی کے جماعت اسلامی کے علاقے میں بھی سڑک کی تعمیر کا کام پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن اقبال ساند کرارہے ہیں۔