کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جرگہ کی قراردادوں میں تین روزہ اجلاس کو کامیاب ، بامقصد اور بھرپور بنانے پر تمام شرکاء کا شکریہ اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جنوبی پشتونخوا کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال ، قتل وغارت کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار اور ہر قسم کی دہشت گردی ، انتہاپسندی ، مسلح کارروائیوں ، ٹارگٹ کلنگ، قتل و غارت، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری مذمت اور مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ایک قرار داد میں جرگہ نے صوبے کی اہم شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی بدامنی کی شدید مذمت اور قومی شاہراہوں اور تجارتی راستوں کو فوری طور پر محفوظ بنا نے کا مطالبہ کیا ۔جرگہ آئینِ پاکستان کو ریاست اور اس کی تمام اکائیوں کے درمیان بنیادی عمرانی معاہدہ قرار دیتے ہوئے اس کی بالادستی اور مکمل نفاذ کا مطالبہ کرتا ہے ۔ جرگہ صوبے میں سویلین اتھارٹی کو مفلوج اور آئینی و انتظامی اختیارات غیر سویلین کو منتقل کرنے کی مذمت کرتا ہے۔جرگہ نے لیویز فورس کی بحالی اور اسے مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرنے، پشتون عوام کے بنیادی، آئینی، سیاسی، معاشی حقوق کو تسلیم کرنے ، افغانستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے ، ڈیورنڈ لائن اور تفتان بارڈر سمیت تاریخی تجارتی ، معاشی اور آمدورفت کی گزرگاہوں کو فوری طور پر بحال کرنے، پنجاب اور سندھ میں پشتون محنت کشوں ، مزدوروں اور تاجروں کو تنگ کرنے اور محض شناخت یا شبے کی بنیاد پر افغان قرار دے کر تنگ کیے جانے کی مذمت بھی کی ایک قرار داد میں جرگہ نے جبری گمشدگیوں کے تمام معاملات کو شفاف، غیر جانب دار اور قانونی طریقے سے حل ،جنوبی پشتونخوا میں بڑی تعداد میں پشتون شہریوں کے شناختی کارڈز بلاک ، معطل یا غیر ضروری طور پر زیرِ التوا رکھنے کی شدید مذمت مطالبہ کیا کہ بلاجواز بلاک یا معطل شناختی کارڈز کا فوری جائزہ لے کر ان کو بحال کیا جائے۔