• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاقت آباد میں دکان پر ڈکیتی، ڈاکو ملازم کو قتل کرکے موٹرسائیکل چھین کر فرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سفاک ڈاکوؤں نے لیاقت آباد میں ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرمسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے دکان کے ملازم کو قتل کردیا۔28سالہ مقتول شہزاد کا آبائی تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، دو ملزمان نے موٹر سائیکل کی چابی نہ دینے پر فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔ رواں سال شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق افراد کی تعداد 50ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد تھانےکی حدودلیاقت آباد دس نمبر سریا کٹ کے قریب واقع ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں اتوار کی صبح مسلح ملزمان کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا جس کی لاش قانونی کارروائی کےلئے چھیپا ایمبولنس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ، مقتول کی شناخت 28 سالہ شہزاد کے نام سے کی گئی، مقتول نوجوان کا آبائی تعلق جنوبی پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے جائےوقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کےلئے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا ،پولیس کے مطابق مقتول نوجوان شہزاد ایل پی جی کی دکان میں ملازم تھا،اور اپنے ساتھی 15سالہ طیب ولد مقبول کے ساتھ دکان میں موجود تھاکہ موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان دکان میں آئے اورمقتول نوجوان کی موٹر سائیکل کی چابی مانگی تو اس نے انکار کردیا ،ملزمان نے مزاحمت پرفائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں نوجوان سرپرگولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔مسلح ملزمان مقتول کی موٹر سائیکل ،موبائل فون اورجیب میں موجود رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مسلح ملزمان اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کراور مقتول نوجوان کی موٹرسائیکل لےکرفرار ہو گئے۔پولیس نے ملزمان کی موٹر سائیکل قبضے میں لے لی جبکہ جائے واردات سے ایک تیس بور پستول کا خول بھی ملا ہے جسے پولیس نے قبضے لے لیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرکے اورعینی شاہد مقتول کے ساتھی کا بیان قلمبند کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
اہم خبریں سے مزید