• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ کو ملک بھر میں پھیلانے کا فیصلہ ’’سکسز ٹورنامنٹ‘‘ زیر غور، گورننگ کونسل میں فیصلے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیرِ صدارت ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کے آن لائن اجلاس میں سیزن 12 کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ فیصلہ کے مطابق سیزن 12 اگلے برس مارچ 18 سے دو مئی تک ملک کیلئے پانچ سے چھ شہروں میں کھیلا جائے گا، پلیئرز ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہے گا، ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی کو براہِ راست سائن کر سکے گی۔ پلیئر آکشن 23 جنوری کو ہو گا۔ دریں اثنا لیگ کو سال بھر متحرک رکھنے کیلئے چھ کھلاڑیوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ مجوزہ ایونٹ کو ’ایچ بی ایل پی ایس ایل سکسز‘ کا نام دیا جا سکتا ہے جو آف سیزن میں منعقد ہوگا۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مختصر دورانیے کا یہ ٹورنامنٹ شائقین کے لیے دلچسپی کے ساتھ پی ایس ایل کو چھوٹے شہروں تک پہنچانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ بورڈ اس منصوبے کے ذریعے فرنچائزز اور میڈیا پارٹنرز کے لیے آمدنی کے نئے مواقع پیدا کرنے کا بھی خواہش مند ہے۔ تاہم، غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی اور مناسب شیڈول طے کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔