کراچی (اسٹاف رپورٹر) واپڈا نے 54ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جمعے کو مزید سات گولڈ میڈلز حاصل کرلیے۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے ٹارٹن ٹریک پر دوسرے روز واپڈا 12گولڈ،6 سلور اور پانچ برانز میڈلز کے ساتھ سرفہرست تھا۔ ایچ ای سی دو گولڈ،6 سلور اور6 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان نیوی ایک گولڈاور دو سلور میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود تھی۔ ارشد ندیم طبیعت ناساز ہونے کے بعد جیولن تھرو ایونٹ سے دستبردار ہوگئے جس کے باوجود واپڈا کے محمد یاسر نے گولڈ میڈل جیتا۔ ویمنز میں واپڈا کی فاطمہ حسین، پول والٹ مینز میں واپڈا کے حسن، مردوں کی 400 میٹرز ریس میں واپڈا کے سلمان احمد ، خواتین کی 400 میٹرز میں ایچ ای سی کی خولہ قمر، خواتین ہائی جمپ میں نیوی کی امتل رحمان ، مردوں کے شاٹ پٹ میں واپڈا کے زوہیب خان نے چیمپئن بنے۔