• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا  حکومت کا BRT میں مفت سفر کیلئے احساس بزرگ کارڈ کا اجرا کا فیصلہ، سالانہ 935 ملین لاگت آئے گی

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا حکومت نے بزرگ شہریوں کو بی آر ٹی بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے احساس بزرگ کارڈ کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی ہے،اس سہولت کے تحت 60سال اور اس سے زائد عمر کے شہری بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گے، اس اقدام پر سالانہ تقریباً 935ملین روپے لاگت آئے گی جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،اجلاس کو بتایا گیا کہ بزرگ شہریوں کی نادرا سے تصدیق کے بعد انہیں پانچ ماہ کے عرصے میں احساس بزرگ کارڈز جاری کر دیے جائیں گے جبکہ کارڈ کے غلط استعمال کی صورت میں متعلقہ شہری پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد بزرگ شہریوں کو آمدورفت کے لیے باوقار، آسان اور مفت سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ ضروریات کی انجام دہی کے لیے بہتر اور سہل انداز میں سفر کر سکیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ احساس بزرگ کارڈ عمران خان کے فلاحی ریاست کے وڑن کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ احساس بزرگ کارڈ کے اجراءاور مفت سفری سہولت کی فراہمی کے عمل کو شفاف، موثر اور سہل بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق بزرگ شہری اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مو¿ثر اور دیرپا اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
پشاور سے مزید