پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں نوجوان کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، قتل میں مبینہ طور پر 2دوست ملوث نکلے ،پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار جبکہ دوسرا تاحال فرار ہے۔ بڈھ بیر پولیس کو قادر احمد ولد گل عباس نے 27ستمبر کو رپورٹ کی تھی کہ وہ گڑھی چندن کے رہائشی ہیں۔ مقتول محب اللہ ولد امان شاہ اس کا بھتیجا تھاجو ایک روز قبل گھر سے نکل کر لاپتہ ہوگیا تھا اوراگلے روز اطلاع ملی کہ گڑھی چندن خوڑمیں محب اللہ کی قتل شدہ نعش پڑی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے ۔ پولیس کے مطابق انہوں نے مقتول کی سی ڈی آر اور دوسرے پہلوئوں پر تفتیش کا آغاز کیا تو معلوم ہو اکہ قتل میں مبینہ طور پر اس کے 2دوست ملوث ہیں جن کی شناخت ملزمان لقمان اور مصطفی ٰساکنان گھڑی چندن سے ہوئی ہے ۔پولیس نے چھاپوں کے دوران ایک ملزم لقمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا تاحال روپوش ہے۔ پولیس کاکہناہے کہ تینوں آپس میں گہرے دوست تھے تاہم دوستی نہ کرنے کے تنازعہ پران کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے ۔پولیس کے مطابق مقتول محب ڈرائیور تھاجبکہ ملزم لقمان شادی بیاہ کیلئے سہرے بنانے اور مصطفی ٹیلرنگ کا کام کرتا تھا۔ پولیس کاکہناہے کہ ملزموں نے منصوبہ بندی کے تحت مبینہ طو رپر محب کی جان لی۔