پشاور (لیڈی رپورٹر)پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز کے ظالمانہ اضافے، بے تحاشہ ٹیکسوں اور مختلف اداروں کی جانب سے جرمانوں کی آڑ میں تاجروں سے جبراً رقوم وصول کرنے کے رجحان نے صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیوں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جس کے منفی اثرات عوام پر پڑ رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار صدر تنظیم تاجران خیبرپختونخوا ملک مہر الٰہی، جنرل سیکرٹری شکیل احمد خان صراف، ترجمان شہزاد احمد صدیقی اور دیگر عہدیداروں نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں مین اضافے کے حوالے سےکیا انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے صنعت کاروں کو نوازنے میں مصروف ہے جبکہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کہلانے والے چھوٹے تاجروں کو مسلسل دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ اگر حکومت حقیقی معنوں میں معاشی استحکام چاہتی ہے تو اسے بڑے ایوانوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے تاجروں کے نمائندوں اور چھوٹے چیمبرز آف کامرس کو بھی پالیسی سازی میں اعتماد میں لینا ہوگا۔