پشاور (لیڈی رپورٹر )شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے موبائل نیٹ ورک کی بندش اور روزانہ 16، 16 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں اور تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ پشاور اندرون شہر کے تمام علاقوں،جی ٹی روڈ، ہشت نگری، چارسدہ روڈ، ورسک روڈ، دلہ زاک روڈ، یونیورسٹی روڈ اور حیات آباد سمیت پشاور کے مختلف علاقوں کے مکینوں کے مطابق موبائل سگنلز غائب ہونے اور بجلی کی طویل بندش نے روزمرہ کے کاموں کو متاثر کردیا ہے۔اں علاقوں کے چھوٹے کاروبار ی تاجروں کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں مسلسل ایک ہفتے تک موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی کاروباری سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہی ہے۔ آن لائن لین دین، کورئر سروسز اور روزمرہ مواصلاتی رابطوں میں مشکلات کے باعث تاجروں کو مالی مسائل کا سامنا ہے۔علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ موبائل نیٹ ورک کی بندش اور طویل لوڈشیڈنگ کے اس مسئلے پر متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر توجہ نہیں دی جارہی، جس سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے۔