پشاور (جنگ نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور سابق جنرل کونسلر سمعیہ حسن نے پولیس اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں اور شہداء پیکیج میں اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے ملازمین کو بھی اسی طرز پر تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر مراعات فراہم کی جائیں۔ اپنے ایک اخباری بیان میں سمعیہ حسن نے کہا کہ پولیس کی طرح ڈبلیو ایس ایس پی کے ملازمین بھی فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صفائی کا عملہ اور ٹیوب ویل آپریٹرز دن رات عوام کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں اور مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں، تاہم ان کی خدمات اور قربانیوں کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی کے صفائی عملے اور ٹیوب ویل آپریٹرز کی بنیادی تنخواہوں میں بھی پولیس کی طرز پر اضافہ کیا جائے، جبکہ دورانِ ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے لواحقین کے لیے شہداء پیکیج کی طرز پر خصوصی مالی امدادی پیکیج متعارف کرایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو معاشی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ سمعیہ حسن نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ڈبلیو ایس ایس پی کے ملازمین کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر چیف سیکرٹری کی جانب سے ملازمین کے لیے بونس تنخواہ کا اعلان کیا گیا تھا۔