اسلام آباد (محمد صالح ظافر) نامزد سیکریٹری خارجہ سفیر عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں سیکریٹری خارجہ کی ذمہ داری ملنا اعزاز ہے، موجودہ خارجہ پالیسی کی سمت پاکستان کیلئے باعثِ فخر، مسئلہ کشمیر بنیادی ستون رہے گا، بھارت کے سندھ طاس معاہدے سے متعلق عزائم ناکام بنائیں گے، پاکستان نے ثابت کیا وہ امن پسند ملک ہے۔ مجھے ایسے مشکل حالات میں دفتر خارجہ کی سربراہی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو چیلنجز کے ساتھ ساتھ مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بدھ کی شام نیویارک سے دی نیوز/جنگ کو خصوصی گفتگو میں کہا کہ میں اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ قیادت نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی رہنمائی میں خارجہ پالیسی کو حقیقی قومی جذبے کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں۔ ملک کے نامزد 34ویں سیکریٹری خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ خارجہ پالیسی کی سمت ملک کے لیے طاقت اور باعثِ فخر ہے۔ پاکستان نے تنازعات سے دوچار خطوں میں امن و سکون کا پرچم بلند رکھتے ہوئے ان دنوں بے مثال وقار حاصل کیا ہے۔