• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاٹن سیزن کے دوران فیکٹریوں کے ڈیٹا کی نگرانی یقینی بنائی جائے، کمشنرملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت کپاس کی پیداوار بارے اجلاس میں ڈویژن میں کاٹن ایریا، پیداوار کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ سال کے مقابلے میں کاٹن ایریا میں کمی کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں کپاس کی متوقع پیداوار کے درست تخمینے کیلئے دستیاب ڈیٹا اور سیٹلائٹ مانیٹرنگ کو موثر انداز میں بروئے کار لانے پر زور دیا گیا، کمشنر نے کاٹن فیکٹریوں کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا اور سسٹم میں موجود ریکارڈ میں فرق دور کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈویژن بھر کی کاٹن فیکٹریوں کے فراہم کردہ ڈیٹا کا سسٹم میں موجود ریکارڈ سے تقابلی جائزہ لیا جائے اور غیر رپورٹنگ کرنے والی فیکٹریوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، اجلاس میں فیکٹریوں میں روزانہ کی بنیاد پر جننگ اور بیلز کی پیداوار کی فزیکل مانیٹرنگ کی تجویز بھی پیش کی گئی،کمشنر نے کہا کہ کاٹن سیزن کے دوران فیکٹریوں کے ڈیٹا کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ کپاس کی پیداوار کے درست اعداد و شمار مرتب کئے جا سکیں، غیر قانونی یا غلط رپورٹنگ کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کسانوں کو بہتر ریٹ اور بروقت معلومات کی فراہمی سے کاٹن ایریا میں اضافہ ممکن ہے۔
ملتان سے مزید