پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی جانب سے دہشت گردی کو صوبوں سے جوڑنے کے مبینہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان کیخلاف غداری قانون کے تحت کارروائی کی قرارداد احتجاج، ہنگامہ آرائی ،نعرہ بازی اور شور شرابے میں کثرت رائے سے منظور کرلی ہے، اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ شفیع اللہ جان نے اپنی تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خلاف ذومعنی جملے ادا کئے، جس پر مسلم لیگ ن کی خواتین اراکین نے شدید احتجاج کیا،اس کے باوجود اسپیکر نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ جبکہ حکومتی اراکین نے خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو پنجاب میں دہشت گردی سے جوڑنے کے بیان کو متعصبانہ ، قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے ریاست پاکستان کے فتنہ الہندوستان کے بیانیہ کو خاک میں ملاتے ہوئے مودی کو کلین چٹ دے دی ہے ، سپریم کورٹ معاملہ کا فوری نوٹس لے، 27 ستمبر کو ہر صورت اسلام آباد لانگ مارچ ہوگا کسی کا باپ بھی ہمیں نہیں روک سکتا ۔