کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس اور آئی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس سندھ پر جماعت اسلامی کا دھرنا 27 ویں دن بھی جاری رہا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تو ہم پلان اے پر عمل کر رہے ہیں۔ جیسے ہی حافظ نعیم الرحمن پلان بی کا اعلان کریں گے تو ہم اس پر بھی عمل کریں گے۔ فی لیٹر پیٹرول میں لیوی سمیت 133روپے بھتہ ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دھرنے میں سابق وفاقی وزیر خزانہ و پاکستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکریٹری مفتاح اسماعیل نے بھی شرکت کی اور دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مطالبات کی حمایت کی۔