کراچی (ٹی وی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بیس ستمبر کو اسلام آباد مارچ کریں گے، ہماری تحریک پہلے سے چل رہی ہے اور ہمارا تحریک انصاف سے کوئی جھگڑا بھی نہیں ہے اور ہماری بات وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور بیرسٹر گوہر سے ہوئی تھی انہوں نے ہمیں سپورٹ کیا اور ہم بھی تحریک انصاف کے دھرنے اور احتجاج کو سپورٹ کرتے ہیں پرامن سیاسی جدوجہد جو بھی آئین کے مطابق ہے ہم اس کو سپورٹ کرتے ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کر رہے تھے۔ نئے صوبوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے فیصلے ایسے نہیں ہوتے کہ جن کا مینڈیٹ نہیں ہے وہ بات شروع کردیں اور اب تک کوئی واضح پرپوزل موجود سامنے نہیں آیا ہے اور اس کو زیر بحث لایا جارہا ہے جو سب سے زیادہ ضروری کام ہے جس سے کسی کو مسئلہ نہیں ہونا چاہئے وہ مقامی حکومتیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں اتنی زیادہ بڑھ گئی ہیں کہ جب جنگ شروع ہوئی تھی تب بھی اتنی نہیں بڑھی تھیں حکومت کی بات یہاں تک صحیح ہے البتہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ لیوی کو کم کیا جائے۔ اس لیوی سے براہ راست متوسط طبقہ کے افراد متاثر ہوتے ہیں۔عنقریب ان احتجاج میں طالب علم بھی نکلیں گے اور جب وہ آئیں گے تو مسائل حل ہوں گے۔