• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری سندھ مضبوط مقدمہ، نئے صوبے انتظامی بنیاد پر بننے چاہئیں، خالد مقبول

​کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ شہری سندھ مضبوط مقدمہ ہے، نئے صوبے انتظامی بنیاد پر بننے چاہئیں وہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شعبہ گریجویٹ فورم پاکستان کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں قومی مذاکرہ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار سے فاروق ستار،وسیم اختر، جاوید حنیف، مفتاح اسماعیل، عرفان مروت، ریحان حنیف، عتیق میر، بیرسٹر شہاب امام و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل ایم کیو ایم کے قیام سے بھی قبل اے پی ایم ایس او کے دور سے ہمارا دیرینہ اور اصولی مطالبہ رہا ہے، پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے جبکہ صوبے محض انتظامی یونٹ ہیں جنہیں ملک کی ترقی اور انتظامی سہولت کی خاطر آبادی کی بنیاد پر تقسیم ہونا چاہئے تھا اور اب تک ہو جانا چاہئے تھا۔ اس وقت موجودہ صوبے لسانی بنیادوں پر قائم ہیں لیکن ایم کیو ایم انتظامی بنیادوں پر صوبوں کا مطالبہ کرتی ہے اور پورے ملک میں جہاں کہیں بھی نئے صوبوں کے مطالبات اٹھ رہے ہیں ان میں سب سے مضبوط اور باجواز مقدمہ شہری سندھ کا ہے جس نے پاکستان کی معیشت کا بوجھ اٹھا رکھا ہے لیکن مسلسل استحصال اور حق تلفی کا شکار ہے۔ یہ ہمارے اسلاف کا بنایا ہوا پاکستان ہے جس کے مستقبل اور حقوق کا فیصلہ ہم خود کریں گے، نیز سندھ میں اگر ایمانداری کے ساتھ شفاف مردم شماری کرا لی جائے اور ووٹر لسٹوں کی درستی کر دی جائے تو پیپلز پارٹی خود نیا صوبہ بنانے کا مطالبہ کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید