• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف 23 ستمبر کو ٹرمپ کی استقبالیہ ضیافت میں شریک ہوں گے

اسلام آباد(صالح ظافر) وزیراعظم شہباز شریف اپنی 76ویں سالگرہ کے روز نیویارک کے میڈیسن ایونیو پر واقع لوٹے نیویارک پیلس ہوٹل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ مصر کے شہر شرم الشیخ میں بورڈ آف پیس کے اجلاس کے اختتام کے بعد یہ سات ماہ میں دونوں رہنماؤں کی پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی۔باخبر ذرائع نے ہفتے کو دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ 23 ستمبر 2026 کی شام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہانِ مملکت و حکومت کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیے کی میزبانی کریں گے۔یہ وزیراعظم شہباز شریف کی 76ویں سالگرہ کا دن بھی ہوگا۔ وزیراعظم تقریب میں شرکت اور خطاب کے لیے ایک روز قبل لندن سے نیویارک پہنچیں گے۔ یہ تقریب اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی جنرل ڈیبیٹ ویک کے دوران ہوگی، جو 22 سے 26 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو عشائیے میں شرکت کی دعوت پہلے ہی موصول ہوچکی ہے۔ متعدد عالمی رہنما بھی اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ عشائیے میں شریک ہوں گے اور وزیراعظم ان سے ملاقاتیں اور تبادلۂ خیال بھی کریں گے۔دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پہلی مرتبہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے یکطرفہ اعلان کا معاملہ اٹھائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید