کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں گل پلازہ آتشزدگی کیس میں گواہ کے بیان پر وکیل صفائی نے جرح مکمل کرلی، گواہ نے اپنے بیان میں مارکیٹ میں فائر سیفٹی اور نہ ہی کوئی فائر الارم کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ حالات و واقعات دیکھ کر لگتا ہے یہ کوئی سانحہ نہیں بلکہ دہشت گردی ہے، گل پلازہ انتظامیہ کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے مارکیٹ، دکاندار اور گاہک کئی گھنٹے تک حبس بے جا میں رہے، اگر کوشش کی جاتی تو لوگوں کی جان بچائی جا سکتی تھی ان کے پاس کچھ ویڈیوز بھی ہیں جو ان کے موقف کو ثابت کریں گی ، فاضل عدالت نے پراسیکیوشن کی عمارت کا ملبہ اٹھانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، تفصیلات کے مطابق گواہ دکاندار شاہد پانی والے نے بیان قلمبند کرتے ہوئے کہا کہ آگ مارکیٹ کے اندر لگی اس لیے یہ مارکیٹ کا اندرونی معاملہ ہوا، اس کی تمام تر ذمے داری گل پلازہ انتظامیہ پر جاتی ہے، مارکیٹ میں آگ کی شدت اور پھیلاؤ دیکھ کر یہ شبہ ہو رہا تھا کہ یہ سوچی سمجھی سازش کے تحت لگائی گئی ہے۔