کراچی ( اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے ،اسٹیٹ بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتیں مہنگائی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ عمومی مہنگائی اگست میں بڑھ کر 11.1 فیصد ہوگئی ، بڑے پیمانے کی اشیا سازی کی پیداوار میں جون کے دوران 3.5 فیصد کمی آئی ،چاول اور گنے کے زیرِ کاشت رقبے میں اضافے کے ساتھ کپاس کی فصل کی ابتدائی اطلاعات نے زرعی شعبے کے امکانات کو بہتر بنا دیا ، مستحکم ترسیلاتِ زر اور آئی سی ٹی برآمدات میں اضافے کی بدولت مالی سال 27ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے صفر تا ایک فیصد کے درمیان رہے گا۔