کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں سفاک ظالموں نے سر پر تشدد کرکے خاتون اور اسکے 3کمسن بچوں کو قتل کردیا،شوہر سے تفتیش، تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سرجانی سیکٹر D-7 میں گھر سے34 سالہ مہوش ،6سالہ حرا، اور 5 سالہ حنین کی لاشیں ملیں جنہیں سر پر وزنی چیز سے تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا جبکہ 18 ماہ کی اشمیرہ تشدد کے باعث شدید زخمی ہوگئی تھی،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور کمسن زخمی بچی کو اسپتال منتقل کیا، جبکہ کرائم سین یونٹ کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے گئے،اس موقع پر 18 ماہ کی اشمیرہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئی،ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اورتحقیقات کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی ویسٹ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور پولیس افسران سے واقعے کی ابتدائی تحقیقات اور شواہد کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔