کراچی (سٹاف رپورٹر)پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس اور آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے گورنر ہاؤس پر جاری دھرنے کو پیر کے روز ایک ماہ مکمل ہو گیا،اس موقع پر امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف اپنے اصولی موقف اور عوامی جدو جہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومت نے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہ دیا تو ہمارے دھرنے بھی جاری رہیں گے اور 20ستمبر کو اسلام آباد کی جانب عظیم الشان اور تاریخی مارچ بھی ہوگا۔ کراچی سے ہزاروں افراد شریک ہوں گے، اسلام آباد مارچ میں شرکاء کی رجسٹریشن اور تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، دھرنوں میں عوام کی بڑی تعداد، نوجوان، بزرگ، بچے، طلبہ، اساتذہ، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، علماء کرام، تاجر و مزدور سمیت ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شرکت اور اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن منگل 15ستمبر کو 8بجے شب گورنر ہاؤس سندھ پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔