ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال ملتان میں جدید کینسر تشخیص و علاج کی سہولیات فعال کرنے کے لئے اقدامات تیز کر دئیے گئے ہیں، سی ایم پنجاب انسپیکشن ٹیم نے پیٹ سی ٹی سکین، سائیکلوٹرون اور کینسر سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے سہولیات، انفراسٹرکچر، تکنیکی انتظامات اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا جبکہ آئندہ افتتاحی تقریب کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دینے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا، یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس کا افتتاح کرنا ہے، اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ایڈیشنل سیکرٹری ساؤتھ پنجاب احسان الحق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبدالقادر خان اور ہیڈ آف آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رانا عتیق موجود تھے،دورے کے دوران پیٹ سکین اور سائیکلوٹرون کی تنصیب، تکنیکی و آپریشنل تیاری، کینسر سنٹر کے مختلف شعبہ جات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل میں دستیاب ہونے والی جدید تشخیصی و آنکولوجی خدمات کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ حکام نے معیاری خدمات، مریضوں کی حفاظت اور موثر سروس ڈلیوری کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات پر بھی غور کیا، ہیڈ آف آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رانا عتیق نے ٹیم کو کینسر سنٹر کے حوالے سے بریفنگ دی اور منصوبے کے مختلف عملی پہلوؤں سے آگاہ کیا، اس دوران آئندہ افتتاح کے انتظامات اور مختلف شعبہ جات کے درمیان رابطہ کاری سے متعلق امور بھی زیرغور آئے،وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کہا کہ جدید طبی سہولیات کو مؤثر، محفوظ اور مریض دوست انداز میں فعال بنانا اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ افسران اور ٹیمیں باہمی رابطے اور پیشہ ورانہ معیار کو یقینی بنائیں تاکہ مریضوں کو جدید تشخیصی و طبی سہولیات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے،حکام کے مطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں پیٹ سکین ، سائیکلوٹرون اور کینسر سنٹر کی سہولیات کا فروغ جنوبی پنجاب میں جدید کینسر کیئر کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے، جس کے تحت کینسر کی تشخیص، بیماری کے پھیلاؤ کے جائزے اور علاج کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔