کراچی( افضل ندیم ڈوگر )کراچی منگھوپیر میں 15سالہ حافظ قرآن روشم حسین کے قتل میں منگھوپیر پولیس کا بیٹر طارق عرف دلاور عرف آصف عرف راجو ملوث ہے جس کی گرفتاری کیلئے پولیس تابڑ توڑ کاروائیاں کر رہی ہے۔ ملزم کے رشتہ داروں اور دوستوں کی نشاندہی پر پنجاب میں بھی کراچی پولیس کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ ملزم کے آبائی علاقے لودھراں اور بہاولپور میں بھی اس کے رشتے داروں اور دوستوں کی نشاندہی پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود گرفتاری نہیں ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم طارق اور اس کا گروہ منگھوپیر میں کئی گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ حالیہ واردات سے چند دن قبل بھی ایک گھر میں ڈکیتی کے مقدمے میں طارق کو ملزم نامزد کیا تھا مگر اس کیس میں ملزم نے ضمانت حاصل کرلی تھی۔ ادھر روشم کے قتل کے خلاف دھرنا تاحال ختم نہیں کیا گیا۔ مقتول روشم حسین کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کا احتجاج اور دھرنا مسلسل جاری ہے۔