• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کیلئے اب بھی وقت ہے، بند گلی میں نہ جائے، وفاقی وزراء

اسلام آباد (طاہر خلیل )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہی ہے، اس بار مستقل حل نکالیں گے، یہ لوگ اپنا اور لوگوں کا نقصان کرائیں گے ،احتجاج کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا تاہم ملکی معیشت کا نقصان ضرور ہو گا، اب بھی کہتا ہوں کہ پی ٹی ا ٓئی کے پاس ابھی بھی وقت ہے ،بند گلی میں نہ جائے جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو جبکہ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ مجرم ہیں، اگر کسی مجرم کو چھڑوانا ہے تو عدالت سے رجوع کیا جائے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلحہ لے کر اسلام آباد آئے گا تو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے، حکومت اس پر من و عن عملدرآمد کرائے گی، پی ٹی آئی کے جو بھی سمجھدار سیاستدان ہیں وہ لانگ مارچ نہیں چاہتے،ایسا نہیں ہو گا کہ وہ لوگ آ کر بیٹھ جائیں اور ملک دس، بیس دن کے لیے بند ہو جائے، ایسا کچھ نہیں ہو گا، ان سے نمٹنے کے لیے اس بار مستقل حل نکالیں گے، بار بار یہ چیزیں نہیں ہو سکتیں، اس بار حکومت انتشار کو برداشت نہیں کرے گی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سومنات والی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کے لیے آتے ہیں تو اس مرتبہ کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور کوئی لوپ ہولز نہیں چھوڑیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادتیں ہوتی ہیں، پولیس کا مورال متاثر ہوتا ہے اور پھر احتجاج کرنے والوں کو دوبارہ تیاری کا موقع مل جاتا ہے، اس بار حکومت مستقل لائحہ عمل اختیار کرے گی اور احتجاج کے معاملے پر ایک مرتبہ ایسا فیصلہ کیا جائے گا جو آئندہ کے لیے واضح راستہ متعین کرے۔وزیر داخلہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ہسپتال میں چیک اپ کے حوالے سے سوال پر کہا کہ چیک اپ کے حوالے سے لوگوں کو بتانا ضروری نہیں ، پی ٹی آئی کے لوگوں کو خود بھی پتا نہیں ان کے مطالبات کیا ہیں؟ اگر ان کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ ہے تو وہ کل رات بھی ہوا ہے، علاج کے حوالے سے قانون کے مطابق ہر سہولت فراہم کی جائے گی، ان لوگوں کے کہنے پر نہیں چلیں گے۔انہوں نے کہا اسلام آباد میں موجود ان کی قیادت سے کئی مرتبہ کہا ہے کہ آپ کوئی بھی چیز اس طرح کے ڈراموں سے حاصل نہیں کر سکتے۔

اہم خبریں سے مزید