اسلام آباد (مہتاب حیدر) آئی ایم ایف مذاکرات: وزارتِ منصوبہ بندی کی کور ٹیم میں شمولیت کی درخواست، پاکستان کی کوششوں سے خلیجی خطے میں امن قائم ہو جائیگا؛ مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آنے کی امید ہے، احسن اقبال۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے آئندہ جائزے سے قبل، وزارتِ منصوبہ بندی نے باضابطہ طور پر وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اسے بھی وزارتِ خزانہ کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کرنے والی مرکزی ٹیم کا حصہ بنایا جائے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پیر کو پی بلاک میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران ماہانہ ترقیاتی جائزہ جاری کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے وزیراعظم کو تحریری طور پر باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وزارتِ منصوبہ بندی کو بھی وزارتِ خزانہ کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کا حصہ بنایا جائے، کیونکہ معیشت سے متعلق وسیع تر معاملات، جن میں اقتصادی ترقی، مہنگائی، غربت اور دیگر امور شامل ہیں، ہماری وزارت کے دائرۂ کار میں آتے ہیں۔‘‘ وفاقی وزیر نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ پاکستان کی کوششوں سے خلیجی خطے میں امن قائم ہو جائے گا اور آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں قیمتوں میں ہونے والا اضافہ معمول پر آ جائے گا، جس کے بعد مہنگائی کی شرح دوبارہ سنگل ڈجٹ (10 فیصد سے کم) پر آ جائے گی۔ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن رواں ہفتے اسلام آباد میں پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات شروع کرے گا، جن میں وزیرِ خزانہ کی قیادت میں پاکستانی وفد ملک کی نمائندگی کرے گا۔