کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے موذی مرض کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے والدین، برادری کے رہنماؤں، علمائے کرام، سول سوسائٹی اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ ہر بچے کو زندگی بچانے والی ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ نے گلستانِ جوہر میں روٹری کلب کمیونٹی سینٹر کے دورے کے دوران سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پربچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔ تقریب میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، پولیو پروگرام کے انچارج شہریار گل، شراکت دار اداروں کے نمائندے، روٹری انٹرنیشنل کے عزیز میمن اور دیگر نے شرکت کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کے معاشی منظرنامے اور ترقی کے امکانات میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، چین سےبہتر رابطوں، توانائی منصوبوں، صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں، یہ بات انھوں نےعوامی جمہوریہ چین کے قائم مقام قونصل جنرل کراچی فینگ دہینگ کی جانب سے چین کے قومی دن کے موقع پر دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔