ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں ستھرا پنجاب ورکرز میں حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ بونس کی تقسیم کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران منیر کی زیر نگرانی ملتان ڈویژن بھر میں بونس کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے، جبکہ سی ای او عمران منیر نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ستھرا پنجاب ورکرز میں بونس کی رقم تقسیم کی۔ اس مرحلے میں ملتان ڈویژن کے 19 ہزار 713 صفائی ورکرز کیلئے مجموعی طور پر 19 کروڑ 71 لاکھ 32 ہزار 394 روپے کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے بونس کی فراہمی کا مقصد صفائی ورکرز کی فلاح و بہبود، ان کی حوصلہ افزائی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ان کی انتھک خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ اس اقدام سے صفائی ورکرز کی حوصلہ افزائی اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی ۔