• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھوٹے تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، خواجہ سلیمان صدیقی

ملتان(سٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے تاجروں کو ٹیکسوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور کاروباری اخراجات میں مسلسل اضافے سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کرے، چھوٹے تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن بڑھتے ہوئے اخراجات اور عوام کی کم ہوتی قوت خرید کے باعث ان کیلئے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ضلعی صدر سید جعفر علی شاہ کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وفد میں انجمن تاجران شجاع آباد کے مرکزی صدر الحاج اختر علی قریشی، جنرل سیکرٹری خواجہ محمود الحق ،سینئر نائب صدر احمد حسن،حاجی عبد الرشید اور رفیع رضا ایڈووکیٹ شریک تھے۔ خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کو آسان اور تاجروں کیلئے قابل عمل بنائے، چھوٹے کاروباروں پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے اور ٹیکس وصولی کے نظام میں تاجروں کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جائے، بجلی اور گیس کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کاروباری طبقے کیلئے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس کے باعث دکانوں اور کاروبار کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خالد قریشی نے کہا کہ عوام کی قوت خرید کم ہونے سے چھوٹے دکاندار براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ الحاج اختر علی قریشی نے کہا کہ چھوٹے تاجر محدود وسائل کے باوجود ملکی معیشت اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملتان سے مزید