ملتان (سٹاف رپورٹر)محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں پنجاب حکومت کے مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (MPDD) کے زیرِ اہتمام BS-18 سے BS-19 کے افسران کے لیے جاری 10 ہفتوں پر مشتمل لازمی پروموشن لنکڈ ٹریننگ کورس کے شرکاء نے مطالعاتی دورہ کیا۔ دورے میں 25 ٹرینیز اور 2 فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے شرکاء کو یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی نظام، ترقیاتی منصوبوں، تحقیقی سرگرمیوں اور نمایاں کامیابیوں کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کا خصوصی فوکس جنوبی پنجاب کے زرعی مسائل کے عملی حل، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ، موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے مؤثر استعمال سے متعلق تحقیق پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو جدید تحقیق، معیاری تعلیم اور عملی تربیت کا ایک مؤثر مرکز بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی فوکل پرسن/رجسٹرار عمران محمود بھی موجود تھے۔