کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت نظریاتی کے مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی ، مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا محمود الحسن قاسمی ، سرپرست اعلیٰ مولانا ڈاکٹر شمس الہدیٰ ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی ، حاجی حیات اللہ کاکڑ اور مجلس عاملہ کے ارکان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے اور مدینہ شریف کے بجلی نظام کو نشانہ بنانے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین تمام عالم اسلام کے لئے ریڈ لائن اور حرمین شریفین پر حملہ تمام اہل اسلام پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہود نے مسلمانوں کے قبلہ اول پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے اسی طرح وہ حرمین الشریفین کے خلاف بھی سازشیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حوثی ہوں یا مجوسی ، اسرائیل ہو یا امریکہ جو بھی حرمین شریفین پر حملہ یا کوئی سازش کرئے گا تو عالم اسلام کا بچہ بچہ حرمین شریفین کی حفاظت پر جان فدا کرنے کو سعادت سمجھے گا۔