کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تمام شہریوں کو بلاتفریق معیاری اور جدید طبی سہولیات ملنی چاہئیں، مریضوں کو جدید علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے، سائنسی ترقی اور تحقیق کو بہتر طبی نتائج میں تبدیل کرنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں 7ویں سالانہ نیورو آنکولوجی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت معیاری، قابلِ رسائی اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے ماہر افرادی قوت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی بھی ناگزیر ہے، جے پی ایم سی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) اور دیگر خصوصی اداروں میں حکومت کی سرمایہ کاری کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ مالی استطاعت سے قطع نظر تمام شہریوں کو معیاری طبی سہولیات تک رسائی حاصل رہے؎