ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلعی حکومت نے میونسپل کارپوریشن ملتان کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران قبضے میں لیے جانے والے سامان کی واپسی پر پابندی عائد کردی ہے، جس کے تحت کارروائی کے بعد ضبط شدہ سامان متعلقہ مالکان کو واپس نہیں کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران سڑکوں، بازاروں، فٹ پاتھوں اور دیگر سرکاری مقامات پر قائم تجاوزات ختم کرنے کےساتھ سامان قبضے میں لیا جاتا ہے، تاہم ماضی میں بعض صورتوں میں جرمانہ یا دیگر کارروائی کے بعد ضبط شدہ سامان واپس کیے جانے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، ضلعی حکومت کی جانب سے واضح ہدایات جاری کیے جانے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ افسران و عملہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے سامان کو واپس کرنے کے بجائے مقررہ ضابطے کے تحت مزید کارروائی کریں گے،اس اقدام کا مقصد تجاوزات کے خلاف آپریشن کو مؤثر بنانا اور سرکاری و عوامی گزرگاہوں پر دوبارہ تجاوزات قائم ہونے کی روک تھام قرار دیا جا رہا ہے۔