• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ میں پاک، ترکیہ فوجیں، مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت فوری تعیناتی کا فیصلہ، مشترکہ اعلامیہ

اسلام آ باد، ریاض (رانا غلام قادر، اے ایف پی) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم تزویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ،مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان اور ترک افواج کی تعیناتی کا فیصلہ ، دفاعی معاہدے میں شامل تینوں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دفاعی صلاحیتیں سعودی عرب منتقل ہونگی،مکہ ،مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور دیگر تنصیبات پر حملوں کی مذمت، سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی حملے یا خطرے کو دوٹوک طور پر مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ ،سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اتحاد اجتماعی دفاع اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے پختہ عزم کا عکاس ہے، اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ اجلاس نے لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود (ر) ہلالِ امتیاز (ملٹری) کی مکہ الائنس فار ڈیفنس کے پہلے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے نامزدگی کی توثیق کی ۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کو یمن کے حوثیوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر ترکیہ اور پاکستان ایک نئے باہمی دفاعی اتحاد کے تحت سعودی عرب میں فوج کی "فوری تعیناتی" کریں گے۔ تینوں ممالک نے پیر کے روز یہ بات بتائی۔مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی نےمکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوشش سمیت سعودی عرب میں شہروں، شہری آبادی اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی حملے یا خطرے کو دوٹوک طور پر مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے اوریہ فیصلہ کیا کہ اجتماعی دفاع سے متعلق وعدوں پر فوری طور پر عملی عمل درآمدشروع کیا جائے گا اور طے شدہ فوجی دستے اور صلاحیتیں فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کئےجائیں گے جبکہ ان کی سعودی عرب میں فوری تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔پیر کو جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سلامتی کی صورتحال اور خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ مکہ دفاعی اتحاد کی ادارہ جاتی ترقی کے سلسلے میں کمیٹی نےپاکستان کے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو تین سال کی مدت کے لئے اتحاد کا پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید