کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں جاری انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے دی جو ٹورنامنٹ میں پاکستان کی دوسری ناکامی ہے۔ بنگلہ دیش نے 5 وکٹوں پر 139 رنز بنائے، سعدیہ اختر 33 اور فرجانہ یاسمین 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، انہوں نے چھٹی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 51 رنز بنائے۔ روزینہ اکرم اور مہام نزاکت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان ٹیم 7 وکٹوں پر 126 رنز ہی بنا سکی، اوپنرز کومل خان 36 اور راویل فرحان 32 رنز نے ٹیم کو 69 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا جبکہ زوفشاں ایاز نے 32 رنز بنائے، تاہم بعد میں وکٹیں گرنے سے رفتار دھیمی ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی فرجانہ نے 3 اور نشیتا نے 2 وکٹیں لیں۔