تہران/صنعاء(اے ایف پی /نیوزڈیسک ) یمن میں جاری جنگ میں شدت‘زمینی جھڑپیں تیز ‘ حوثیوں نے خمیس مشیط ایئربیس‘ ریاض‘ ابہا اور عدن کے ہوائی اڈوں پر ڈرون ومیزائل حملے کئے ہیں جبکہ یمنی فوجی اور حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت کی حمایت یافتہ فورسز ساحلی علاقے کے مشرق میں واقع اہم پہاڑیوں کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہیں۔دوسری جانب حوثی جنگجوؤں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ان حملوں کو پسپا کر دیا ہے‘سعودی حکام کے مطابق ابہا ایئرپورٹ پر ایک مصری اور ایک الجزائری شہری جبکہ ریاض ایئرپورٹ پر ایک سوڈانی شہری ہلاک ہوا۔ حملوں میں 36 افراد زخمی بھی ہوئے۔سعودی عسکری اتحاد کاکہنا ہے کہ اس نے ریاض پر حملے میں استعمال بیلسٹک میزائل کے لانچنگ پلیٹ فارم کو تباہ کر دیا ہے۔ادھرسعودی عرب پرحوثی حملوں کے بعدریاض میں امریکی سفارتخانےنے سکیورٹی الرٹ جاری کرکے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق حوثیوں نے بدھ کوعدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بیلسٹک میزائلوں اور دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرونز کے ذریعے حملہ کیاہے۔حالیہ دنوں میں لڑائی کا مرکز باب المندب آبنائے کے اردگرد کے علاقے بنے ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت نے بتایا کہ حالیہ لڑائی شروع ہونے کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔