اسلام آ باد (رانا غلام قادر، طاہر خلیل ، ناصر چشتی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو،خیبر پختونخوا کے عوام کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران کیا،ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی دہشتگردی سے مکمل لاتعلقی اور مجرمانہ بے حسی حد سے بڑھ چکی ، اب اہم فیصلے کرنے کا وقت آ گیا ، خیبرپختونخوا کے عوام کو طالبان کے اتحادیوں اور نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر مزید نہیں چھوڑا جا سکتا،وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سیاسی محاذ آرائی کے بجائے گورننس، عوامی فلاح اور سکیورٹی پر توجہ دے۔