اسلام آباد (خالد مصطفیٰ): عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں100 ڈالر سے اوپر نکل گئی ہیں جس سے مہنگائی، شرح سود اور معاشی نمو میں کساد کے خدشات بڑھ گئے ہیں، برینٹ خام تیل 101.87 ڈالر جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 89.66 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور امریکا میں طوفان کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے قیمتوں میں اضافہ کیا، جس کے باعث امریکا، یورپ اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹوں پر بھی دباؤ آیا ہے۔ مہنگے تیل سے ٹرانسپورٹ، بجلی، صنعت اور خوراک کی لاگت بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ مرکزی بینک مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود زیادہ عرصے تک بلند رکھ سکتے ہیں۔