ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 25ایکڑ پر محیط جناح پارک میں جدید منی تھیم پارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ ایک دہائی بعد جناح پارک میں جدید تفریحی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں، بالخصوص بچوں اور خاندانوں کو جدید تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی کام چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔سنگ بنیاد کی تقریب میں سینئر سیاستدان بابر حسین، شوکت بوسن‘ ڈاکٹر اختر ملک، شہزاد مقبول بھٹہ‘ رائے منصب، شیخ طارق رشید اور جاوید اختر انصاری سمیت ایڈیشنل آئی جی کامران خان، کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم اور ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی سید وسیم نے شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ جناح پارک کو جدید منی تھیم پارک کی صورت میں بحال کرنا شہریوں کو معیاری تفریح فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ بچوں اور خاندانوں کے لیے جدید رائیڈز اور تفریحی سرگرمیوں پر مشتمل منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس سے شہر میں تفریحی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری، خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیںاس موقع پر ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی سید وسیم نے شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے کہا کہ جناح پارک منی تھیم پارک کا منصوبہ شفاف ٹینڈرنگ کے بعد شروع کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کو چار مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ تعمیراتی سرگرمیاں مرحلہ وار مکمل کی جا سکیں۔ 25 ایکڑ پر محیط جناح پارک کی بحالی اور جدید تفریحی سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کو ایک نیا تفریحی مقام میسر آئے گا۔