اسلام آبا د ( نیو زرپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا نام ’’دانش آئی ٹی پارک‘‘ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں لاکھوں نوجوانوں کو ہنرسیکھنے کا موقع ملے گا، نیشنل ٹیکنالوجی پارک جدت کے فروغ اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا،اس طرز کے درجنوں اور سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں آئی ٹی پارکس ملک کے چاروں صوبوں میں قائم ہونگے، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، معدنیات اور دیگر شعبوں میں جدید علوم سے استفادہ کیا جاسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، پارلیمینٹرینز، جنوبی کوریا کے سفیر، معروف آئی ٹی کمپنیوں کے سربراہان اور آئی ٹی ماہرین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ جدید آئی ٹی پارک انکیوبیشن سینٹرز، انوویشن، اسٹارٹ اپس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، صنعتوں اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے مواقع فراہم کریگا، اس سے ملک کے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں نوجوان مرد و خواتین کو ہنر سیکھنے اور بااختیار بننے کا موقع ملے گا جبکہ یہی مہارتیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے میں مدد دیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے کا سنگ بنیاد 18-2017 میں رکھا گیا تھا، تاہم اس کے بعد کیا ہوا، وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا موقع نہیں، بلکہ منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے متعلقہ وزرا بالخصوص وزیر خزانہ اور وزیر آئی ٹی اور سیکرٹری آئی ٹی سمیت ان کی پوری ٹیم نے منصوبے کی تکمیل کے لیے محنت کی۔ تقریب میں موجود جنوبی کوریا کے سفیر اور دیگر معزز مہمانوں سے مخاطب ہوئے وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔