اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں ممالک میں سیاسی ہم آہنگی کوتجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا ضروری ہے،دونوں رہنماؤں کا اتفاق ، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دیرینہ دوستی کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی گہری، برادرانہ اور اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور اہم قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت پر مبنی ہیں۔دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی سیاسی ہم آہنگی کو اب مضبوط اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے برادر عوام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔