کراچی(اسٹاف رپورٹر)نوجوان معاذ صداقت اور کپتان صاحبزادہ فرحان کی برق رفتار بیٹنگ کے بعد نوجوان عمران رندھاوا کے اسپیل کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل82 رنز کے بڑے مارجن سے سے جیت لیا اور سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ اتوار کی شب پنڈی اسٹیڈیم میںسری لنکا کی ٹیم سات وکٹ پر133رنز بناسکی۔مہیش ٹکشنا32رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہےپاکستان نے اس سال کے شروع میں لاہور میں آسٹریلیا کو تین صفر سے وائٹ واش کیا تھا اب گرین شرٹس ہوم گراونڈ پر ایک اور سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے قریب ہیں۔تیسرا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔میڈیم پیسر عمران رندھاو نےچار اوورز میں11رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔معاذ سنچری سے محروم رہے لیکن ان کی بیٹنگ نے پاکستان کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی۔سری لنکا کی بیٹنگ پاکستانی بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دی۔وکرما سنگھے29کمانڈو مینڈس23جے سوریا22رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کوشال مینڈس9داسن شناکا9رنز بناسکے۔سلمان مرزا نے28رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔شاداب خان اور صائم ایوب نے19,19رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی۔سری لنکا نے اننگز شروع کی توسلمان مرزا نے پہلے میچ میں91رنز کی اننگز کھیلنے والے لاہیرواڈارا کو پانچ رنز پر کاٹ بی ہائینڈ کرادیا۔جس کے بعد بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔نوجوان معاذ صداقت نے51 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور7 چھکے شامل تھے۔انہوں نے17ڈاٹ گیندیں کھیلیں۔کپتان صاحبزادہ فرحان نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔معاذ اور فرحان نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچریاں بنائیں۔دونوں کے دو دو کیچ ڈراپ ہوئے۔تاہم معاذ صداقت نے بغیر کسی دباؤ میں آئے برق رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کے سنچری بنانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔معاذکا اسٹرائیک ریٹ 188رہا۔سری لنکا کی فیلڈنگ ناقص تھی۔ن کے علاوہ فخر زمان نے 22 اور حسن نواز نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔دوسرےمیچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، آل راؤنڈر رضا اللہ کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سلمان مرزا کو شامل کیا گیا۔ سری لنکن ٹیم تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اُتری۔فخر زمان نے فرحان کے ساتھ پہلی وکٹ پر41گیندوں پر55رنز کا اٖضافہ کیا۔صاحبزادہ فرحان اور معاذ کے درمیان دوسرے وکٹ پر49گیندوں پر88رنز بنے۔معاذ صداقت نے حسن نواز کے ساتھ31گیندوں پر مزید71رنز کی شراکت قائم کی۔