لندن (جنگ نیوز) عالمی فٹ بال تنظیم فیفا کے 211 رکن ممالک کی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے لیے کم از کم 2.1 ارب ڈالر کی اضافی مالی امداد طلب کرلی گئی۔ یورپی فٹ بال تنظیم یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین اور شمالی و وسطی امریکا کی تنظیم کونکاکاف کے صدر وکٹر مونٹالیانی نے مشترکہ طور پر تجویز دی ہے کہ 2027 سے 2030 کے مالیاتی دورانیے میں ہر رکن ایسوسی ایشن کو کم از کم ایک کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں۔ یہ رقم فیفا کے موجودہ ترقیاتی پروگرام ’’فیفا فارورڈ‘‘ کے تحت مختص فنڈز کے علاوہ ہوگی، جبکہ مجموعی ادائیگی کا حجم تقریباً 2.1 ارب ڈالر بنتا ہے۔ برطانوی اخبار ’’دی ٹائمز‘‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق یوئیفا کے مالیاتی جائزے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فیفا یہ رقم اپنے موجودہ ذخائر سے فراہم کرسکتا ہے اور اس کے باوجود بھاری مالی گنجائش برقرار رہے گی۔ مجوزہ امداد فٹ بال کے بنیادی ڈھانچے، تربیتی سہولتوں اور کھیل کی ترقی پر خرچ کی جاسکے گی۔ دونوں تنظیموں نے فیفا کے مالی ذخائر کا آزادانہ جائزہ لینے پر بھی زور دیا ہے۔ یہ مطالبہ فیفا کے نجی سرمایہ کاری منصوبے ’’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘‘ کی منسوخی کے بعد سامنے آیا ہے، جس پر دیگر کنفیڈریشنز نے مشاورت کی کمی کے باعث اعتراضات اٹھائے تھے۔ فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے تجویز کی جانچ کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مالی حسابات کی تصدیق اور باضابطہ منظوری کے بغیر کسی رقم کو حتمی نہیں سمجھا جاسکتا۔ معاملے پر فیفا کونسل کے اجلاس میں 15 اکتوبر کو سفارشات پیش ہونے کی توقع ہے، تاہم امدادی پیکیج کی منظوری ابھی نہیں ہوئی۔