اسلام آباد (صالح ظافر)بنگلہ دیش کے وزیرداخلہ کا نئی دہلی میں بمسٹیک اجلاس میں شرکت سے انکار؛ بھارت نے سارک کو غیر موثر کرنے کیلئے بمسٹیک قائم کیا جو مرحوم بنگلہ دیشی رہنما جنرل ضیاء کا منصوبہ تھا ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے خلیج بنگال کے کثیرالجہتی تکنیکی و اقتصادی تعاون کے اقدام (بمسٹیک) کے سات رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کے پہلے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ یہ اجلاس کل (منگل) نئی دہلی میں منعقد ہونا ہے۔ ڈھاکا سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، بمسٹیک کے رکن ممالک کی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام کی شرکت کے ساتھ دو روزہ اجلاس آج (پیر) شروع ہو رہا ہے۔ رکن ممالک کے وزرائے داخلہ اور وزیرِ مملکت کل اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ علاقائی تنظیم کے قیام کے تقریباً تین دہائیوں بعد منعقد ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے۔ بھارت نے سارک کو غیر مؤثر بنانے کے لیے بمسٹیک قائم کیا، جو بنگلہ دیش کی پہل تھی اور جس میں پاکستان قائدانہ کردار حاصل کر رہا تھا۔ بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے گزشتہ ماہ نئی دہلی میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس کے آؤٹ ریچ سیشن میں شرکت سے انکار کر دیا تھا، جس کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں دعوت دی تھی۔ بنگلہ دیش نے اپریل 2025 میں بمسٹیک کی صدارت سنبھالی تھی۔