• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP، دہشت گردی سے مل کر لڑنے کا عزم، پولیس اور CTD کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں جدید اسلحہ فراہم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد، پشاور (طاہر خلیل، اے پی پی) گورنر ہائوس پشاور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کیخلاف جنگ ملکر لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا، اپیکس کمیٹی نے صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں جدید اسلحہ فراہم کرنےکا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی نے کہا صوبے میں امن و امان کا قیام تمام ریاستی اداروں کا مشترکہ مقصد اور اولین ترجیح، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 13سال کا گند 3ماہ میں صاف کرینگے، اب پالیسی جلال آباد نہیں اسلام آباد سے آئیگی، ہم ڈویلپمنٹ پر قربانی دے سکتے ہیں سکیورٹی پر نہیں، دہشت گردی کیخلاف ہمارے اقدامات واضح نظر آئینگے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومت ایک پیج پر آگئیں، پی ٹی آئی حکومت سے بار ہا درخواست کی کہ صوبے میں دہشت گردی کیخلاف جنگ کا حصہ بنیں، انکا خیال تھا کہ سڑکیں بلاک کر کے صوبے میں آگ لگا دینگے، پرامن رہنے پر عوام کو سراہتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے پیر کے روز اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کی مکمل حمایت کریگی اور صوبے کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کریگی۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق وہ یہاں گورنر ہاؤس میں منعقدہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جسکی صدارت انہوں نے خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ مشترکہ طور پر کی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں دہشت گردی کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے خیبر پختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے کی خاطر ہر ممکن تعاون کریگی، جس میں ضروری وسائل اور سازوسامان کی فراہمی بھی شامل ہے۔انہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانیاں دینے پر خیبر پختونخوا پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے مشاورتی کونسل کے ارکان سمیت تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ مشکل حالات میں ثابت قدم رہیں اور جرات کا مظاہرہ کریں، اور کہا کہ ہم درست راستے پر گامزن ہیں اور کامیاب ہونگے۔

اہم خبریں سے مزید