• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلبہ تعلیم سے محروم نہ ہوں، انڈومنٹ فنڈ قائم ہوگا، صوبائی محتسب

کراچی (نیوز ڈیسک) صوبائی محتسب ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث کسی بھی باصلاحیت اور مستحق طالب علم کو اعلیٰ تعلیم کے حصول سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔ اس مقصد کے لئے ایک انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے، تاکہ ذہین اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔اس سلسلے میں وہ اپنا کردار ادا کریں گے،وہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآبادالمنائی ایسوسی ایشن، کراچی چیپٹر اور ”دی پھلیلیئنز“ کے زیرِ اہتمام سول ایوارڈ یافتہ خالد محمود شیخ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ڈاکٹر سہیل راجپوت نے المنائی ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے ممتاز اراکین کی کامیابیوں اور خدمات کے اعتراف کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے صاحبِ ثروت اور صاحبِ حیثیت افراد کو مل کر ایسے طلبہ کی سرپرستی کرنی چاہئے جو صلاحیت اور جذبہ تو رکھتے ہیں، لیکن مالی وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔انہوں نے پھلیلی کینال کی بہتری، تزئین و آرائش اور اس کے قدرتی حسن کے تحفظ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی بحالی اور خوبصورتی کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ پھلیلی کینال کی بہتری اور اس کے اصل حسن کی بحالی کے لئے مشترکہ کردار ادا کریں۔اس موقع پر کراچی چیپٹر کے سیکریٹری امین یوسف نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ایک نئی روایت کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے اور معزز اعزازات سے نوازے جانے والے پھلیلیئنز کے اعزاز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

ملک بھر سے سے مزید