کراچی(مطلوب حسین)نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ( ناپا) اورحکومت بلوچستان کے درمیان کوئٹہ کیمپس کے قیام کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے ،تفصیلات کے مطابق نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) اور ڈائریکٹوریٹ آف کلچر، حکومت بلوچستان نے پیر کے روز کوئٹہ میں ناپا کا کیمپس قائم کرنے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے۔ یہ کراچی سے باہر ناپا کا اپنی نوعیت کا پہلا کیمپس ہوگا۔اس معاہدے پر ناپا کی جانب سے چیئرمین سید جاوید اقبال اور ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بلوچستان کے سیکریٹری برائے ثقافت، سیاحت و آرکائیوز، حمید اللہ ناصر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ناپا بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکن محترمہ روشن خورشید بروچا اور ڈائریکٹر کلچر داؤد ترین کے علاوہ فنکاروں، میڈیا، ثقافتی اور سول سوسائٹی کی متعدد شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ناپا بورڈ کے چیئرمین سید جاوید اقبال اور محترمہ بروچا نے امید ظاہر کی کہ ناپا بلوچستان میں پرفارمنگ آرٹس (فنِ اداکاری و موسیقی وغیرہ) کے فروغ کی راہ ہموار کرے گا، جہاں سے پہلے ہی کئی طلبہ کراچی میں ناپا کے مرکزی کیمپس میں آتے رہے ہیں۔